آذربائیجان (نیوز ڈیسک) آذربائیجان میں جاری یورپی گیمز کے بارہویں روز تیراکی اور فینیسنگ کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ روس بدستور میڈلز ٹیبل پر پہلے اور میزبان ملک دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں یورپی گیمز کا میلہ پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ ایونٹ کے 12ویں روز سوئمنگ کے مقابلوں میں برطانوی سوئمرز 3 سونے کے تمغوں کیساتھ نمایاں رہے۔ خواتین کے 400 میٹر سوئمنگ میڈلے میں برطانیہ کی ایبی ووڈ سونے کے تمغے کی حق دار ٹھہریں۔ ان کی جیت کا سکور 4 منٹ اور 41.97 سیکنڈز رہا۔ خواتین کے 800 میٹر فری سٹائل مقابلے میں برطانیہ کی ہی ہولی ہیبوٹ نے8 منٹ اور 39.02 سیکنڈز کیساتھ کامیابی سمیٹ کر سونے کا تمغہ جیتا جبکہ مردوں کی 400 میٹر فری سٹائل ریس میں برطانیہ اور جرمنی کے سوئمرز کامیاب رہے ، دوسری جانب مردوں کے فینسنگ مقابلے میں یوکرائن کے اینڈری یاگوڈکا نے رومانیا کے حریف کو 15-10سے ہرایا۔ خواتین فینسنگ مقابلوں میں رومانیا کی اینامارا برانزا نے سونے کا تمغہ جیتا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت روس 47 سونے ، 25 چاندی اور 22 کانسی کے تمغوں کیساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔