اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے ماہرین کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا وائرس 60ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور سابقہ اندازے غلط ہیں کہ اضافی درجہ حرارت میں یہ وائرس باقی نہیں رہتا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریسرچ لیبارٹریوں میں جراثیم مارنے (ڈس انفکشن) کیلئے استعمال کیے جانے والے معیاری طریقہ کورونا وائرس کو مارنے کیلئے غیر موثر ہے۔ تحقیق کے نتیجے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ وائرس 92 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت میں مر جاتا ہے۔ یونیورسٹی ایکس مارسیل فرانس کے ماہرین نے اپنی ریسرچ کے دوران افریقہ کے بندروں کے گردوں سے خلیے حاصل کیے۔ یہ بندر کورونا وائرس سے متاثر تھے اور جرمنی کے شہر برلن میں ایک شخص کے ذریعے ان میں یہ وائرس منتقل ہوا تھا۔ تجربات کے دوران گردوں کے خلیوں کو ایک ٹیوب میں ڈال کر مختلف ماحول (خراب اور صاف) میں رکھا گیا اور اس کے بعد دونوں نمونوں کو 60؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم کیا گیا۔ ماہرین نے دیکھا کہ صاف ماحول میں رکھا جانے والا وائرس مکمل طور پر غیر موثر ہوگیا لیکن خراب اور گندے ماحول میں رکھا گیا وائرس اتنے زیادہ درجہ حرارت پر بھی تقسیم در تقسیم ہو کر زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس صورتحال کے بعد ماہرین نے 15منٹ تک درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ کیا اور جب درجہ حرارت تقریباً پانی کے ابلنے کی سطح پر پہنچا تو یہ وائرس غیر موثر ہوگیا۔