اسلام آباد (این این آئی) چینی کمپنیوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 50 لاکھ روپے عطیہ جمع کرادیا۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے چین کی دو کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے این ڈی ایم اے کو 30 لاکھ روپے کا حفاظتی سامان بھی عطیہ کیا ۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چین کی دو کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل بھی شریک تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ چینی انجینئرنگ کمپنی کے سربراہ نے ٹیکنالوجی کی مدد سے کپاس کی پیداوار سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔چینی کمپنی کی جانب سے وزیراعظم کو کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چینی توانائی کمپنی کے صدر نے قابل تجدید توانائی منصوبوں اور پاکستان میں شمسی توانائی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر چینی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔