کراچی(این این آئی)نجی اسکولوں کی تنظیموں نے اسکول فیسوں میں کمی کا حکومتِ سندھ کا حکم ہوا میں اڑاتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید حیدرعلی اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا فیسوں میں کمی کے سرکاری حکم کے حوالے سے کہاکہ اسکول فیسوں کا معاملہ بہت حساس ہے،سندھ میں نجی اسکولز 33 لاکھ سے
زائد بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز پہلے ہی 10 فیصد مفت تعلیم دے رہے ہیں، اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کر سکتے، نجی اسکولوں میں 20 فیصد کمی کاحکم عدالت میں چیلنج کریں گے۔واضح رہے کہ وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کے ڈائیریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے تمام نجی اسکولوں کو اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔اس حوالے سے ڈائیریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے اپنے طلبا کی اپریل اور مئی کی فیس میں 20 فیصد لازمی رعایت دیں گے اورکوئی بھی اسکول کسی بھی تدریسی یا غیر تدریسی عملے کو اس دوران ملازمت سے نہیں نکالے گا، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو اس دوران مکمل تنخواہ کی ادائیگی کرنا ہوگی۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی اور اساتذہ اپنی شکایات کا اندراج کرانا چاہیں تو ڈائیریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ کو کرا سکتے ہیں۔