اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس ایف آئی آئے کی آٹا اور چینی چوری کے حقائق سے برعکس ہے،حکومتی ترجمان کی رپورٹ الگ، ایف آئی اے کی رپورٹ الگ ہے،حقائق مسخ کرنے سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی چوری چھپ نہیں سکتی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے
منہ پر کرپشن کی کالک لگ چکی ہے،حکومتی ترجمان اپنے جھوٹ سے دوسروں پر ملنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کا نام لے کر اب عمران صاحب اور بزدار صاحب کی چوری کوئی حکمران نہیں چھپا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں کسی کی جرات نہیں تھی عوام کے حق پہ ڈاکا ڈالنے کی۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب تاریخ اِس بات کی بھی نزیر نہیں ملتی کہ ملک کا وزیراعظم عوام کا آٹا اور چینی چور ہو۔ انہوں نے کہاکہ جن اے ٹی ایمز سے وزیراعظم کا کچن چلتاہے، پارٹی کی فنڈنگ ہوتی ہے، انہیں کو وزیراعظم نے فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اپنی ہر چوری پکڑے جانے پر آخر کب تک شریف خاندان پر جھوٹے الزامات کے پیچھے چھپتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان آٹا چینی چوری کی ایف آئی اے کی رپورٹ کو غلط رپورٹ کر کے حقائق چھپا نہیں سکتے۔انہوں نے کہاکہ شریف خاندان نے ایک روپے کی سبسڈی لی نہ چینی ایکسپورٹ کی۔انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان بتاتیں کہ چور وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب کو آج کس وقت ہتھکڑی لگے گی؟۔انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے رپورٹ میں شہبازشریف کا نام نہیں، نہ ہی وہ اس وقت حکومت میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ میں وزیراعظم عمران خان، عثمان بزدار، جہانگیرترین اور خسرو بختیارکا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ترجمان کو اب جھوٹے الزامات لگانے سے پہلے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام فیصلے پڑھنے چاہئیں،ثبوت دینے کی جب باری آئی نیب نیازی گھٹ جوڑ عدالتوں سے فرار ہوگئی۔