لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے چینی کی برآمد اور سبسڈی کی مد میں شریف فیملی کو 1.4ارب کی فراہمی کے حکومتی دعوے کو غلط قرار دیدیا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سلمان شہباز نے 2014 سے 2019 تک کی سبسڈی کی تفصیل بھی شیئر کیں۔جس کے مطابق2014-15 میں 3 کروڑ 71 لاکھ،2015-16 میں 5 کروڑ 52 لاکھ50ہزار کی سبسڈی ملی۔ سلمان شہباز کے مطابق2016-17 میں کوئی سبسڈی نہیں ملی، 2017-18 میں 23 کروڑ 82 لاکھ35ہزار500 جبکہ 2018-19 میں کوئی سبسڈی نہیں ملی۔
حکومت کا شریف فیملی کو 1.4ارب کی فراہمی کا دعویٰ سراسر غلط ہے۔میڈیا ر پورٹ کے مطابق سلیمان شہباز نے کہا کہ ایک ارب چالیس کروڑ روپے کے اعداد و شمار جھوٹ ہیں، یہ اعداد و شمار عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے گھڑے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جھوٹ کہا جارہا ہے، اس وقت تقریباً اکتیس کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی تھی۔شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سلیمان شہباز کو سبسڈی دینے کا ذکر کیا تھا۔