اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عطاء الرحمان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے کہ اپریل کے آخر تک تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے،
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ بمشکل پانچ ہزار تک ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جو کہ کم از کم پچاس ہزار ہونے چاہئیں، ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس کرونا سے متعلق ابھی تک جو اعدادوشمار آئے ہیں، ان کو دواطراف سے دیکھ کر لگتا ہے کہ ہر دوسرے دن تعداد دگنی ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت کل کیسز تین ہزار کے لگ بھگ ہیں اور 18ہزار مشتبہ کیسز ہیں،اگر مشتبہ کیسز میں آدھے یا اس سے کم بھی کنفرم سمجھ لیں تو کل تعداد 10ہزار تک ہوگئی ہے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہر دن یہ دوگنے ہوتے جائیں تو تیس دنوں میں ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے بھی بڑھ سکتی ہے، ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کرونا وائرس سے ایک بڑا طوفان آنے والا ہے جس سے خطرے کا سامنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہم کرونا وائرس پر قابو نہیں پاسکے ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔