کراچی(این این آئی) برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے جدید مشینیں فراہم کی گئی ہیں جن کی تنصیب کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ جدید بارودی مواد اور دیگر آلات کی تلاش کیلئے مشینوں کی ٹریننگ کیلئے برطانوی ڈی ایف ٹی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے یہ 18 مشینیں نصب کی گئی ہیں۔جہاز کے لیے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کو جانچنے کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ مشینینں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر نصب کی گئی ہیں۔جدید مشینیں ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) کے حوالے کی گئیں تاہم یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان کا ستعمال کراچی اسلام آباد اور لاہور سے صرف برطانیہ جانیوالی پروازوں کیلئے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جدید ایکسکلوزیو ڈیٹیکٹر مشین کے ذریعے مسافروں کے سامان کی اسکیننگ کی جائے گی۔جدید بارودی مواد اور دیگر آلات کی تلاش کیلئے مشینوں کی ٹریننگ کیلئے برطانوی ڈی ایف ٹی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔اس ٹیم کی پاکستان آمد کا مقصد جدید مشینوں کو چلانے کے لیے اے ایس ایف اور دیگر اہلکاروں کو تربیت دینا ہے۔برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے ان مشینوں کو لگانے کا مقصد برطانیہ آنیوالے مسافروں اور ان کے سامان کی اسکیننگ جدید طرز پر کرنا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے یا پریشانی سے بچا جا سکے۔