اسلام آباد(سی پی پی)حکومت کی نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت اپارٹمنٹ کی قیمت 29 لاکھ 85ہزار اور ماہانہ قسط 67 ہزار ہو گی۔2 مرلہ پر 4 اپارٹمنٹس بنیں گے، ڈاؤن پیمنٹ 6لاکھ روپے، رقم 36 اقساط میں دینا ہوگی جب کہ ملتان میں گھر کے حصول کیلئے کم آمدنی والا طبقہ 67 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کریگا۔
پنجاب ہاوسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ایجنسی سب ریجن ملتان نے ملتان میں نیاپاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت گھروں کیلئے 31 دسمبر تک درخواستیں طلب کی ہیں، ایریا ڈویلپمنٹ اسکیم یو بلاک مدنی چوک ملتان میں رہائشی اپارٹمنٹس تعمیرکئے جائیں گے۔ایک اپارٹمنٹ کا رقبہ 2 مرلہ (550مربع فٹ) ہوگاجس پر4 اپارٹمنٹس تعمیر ہوں گے جن میں ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 29 لاکھ 85 ہزار ہوگی اس طرح سرکار 2 مرلہ پر اپارٹمنٹس تعمیرکرکے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کمائیگی جب کہ ملتان میں 250 اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ایک اپارٹمنٹ پر 20 فیصد ڈاون پیمنٹ یعنی تقریبا 6 لاکھ روپے ادا کرناہونگے جب کہ باقی رقم 36 ماہانہ اقساط میں جمع کرائی جائے گی،ماہانہ قسط لگ بھگ 67 ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے۔اس سکیم میں گھرکے خواہشمند کابے گھراور کم آمدنی والا ہونا شرط ہے، 25 سے 30 ہزار ماہانہ تنخواہ والے افراد درخواست دینے کے اہل ہونگے، قرعہ اندازی میں سرکاری ملازمین معذور افراد، بے سہارا اور عام شہری شامل ہو نے پر جو 67 ہزار روپے ماہانہ قسط دینے کے پابند ہونگے۔درخواست کے ہمراہ 10 ہزار روپے زر ضمانت بھی جمع کراناہوگاجوآخری قسط میں ایڈجسٹ کیا جائیگا۔