اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے بعد صدر پاکستان بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آ گئے،صدر عارف علوی نے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروگرام کو کامیاب جوان منصوبے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
منصوبے کے تحت 1 لاکھ نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تربیت دی جاسکے گی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک تیزی سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر منتقل ہو رہی ہیں، مصنوعی ذہانت دنیا کا مستقبل ہے، ہمیں جدید طریقے اپنانے ہوں گے۔ صدر پاکستان نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی حکومت کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی تعمیرو ترقی کے لئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان کے پلیٹ فارم کو مزید موثر بنا کر نوجوان نسل کی سرپرستی کریں گے۔ عثمان ڈار نے کہاکہ سربراہان مملکت کی جانب سے منصوبے میں تعاون نوجوانوں کے لئے اچھی خبر ہے،وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں شفاف ترین پروگرام کی بنیاد رکھی ہے،ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار مزید اہم بنانا چاہتے ہیں،مصنوعی ذہانت پر کام بہت پہلے شروع ہو جانا چاہئیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں کی نا اہلی کے باعث پاکستان آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے کہاکہ کوشش کریں گے اپنے نوجوانوں کو عالمی طرز کی تربیت فراہم کریں۔