کویت سٹی(این این آئی)خلیجی ریاست کویت میں غلاموں کی آن لائن خرید و فروخت کے گھنائونے کاروبار کے سامنے آنے کے بعد کویتی حکومت نے وسیع پیمانے پر اس کی تحقیقات شروع کردیں،عرب ٹی وی کے مطابق کویتی حکومت نے مشکوک نوعیت کے آن لائن اکائونٹس چلانے والے اور انٹرنیٹ پر گھریلوملازمائوں کی خریدو فروخت میں ملوث افراد کو پکڑنے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا کہناتھا کہ سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ پرموجود کسی پلیٹ فارم کو انسانی تجارت اور لوگوں کو غلام بنا کر انہیں فروخت کرنے کے گھنائونے دھندے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
کویت میں عوامی اتھارٹی کے لیے افرادی قوت کے سربراہ ڈاکٹر مبارک العظیمی نے بتایا کہ وہ اس خاتون سے تفتیش کر رہے ہیں جو رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ اس نے ایک درخواست کے ذریعے گھانا سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ بچی کو فروخت کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسر جو رپورٹ میں پیش ہوا ہے حکام اس سے بھی تفتیش کر رہے ہیں۔ بی بی سی کی تحقیقاتی رپورٹ میں جن لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔متاثرین کو ہرجانہ ادا کیا جائے گا اور ان کے ساتھ برتے جانے والے غیرانسانی سلوک کی ہرممکن تلافی کی جائے گی۔