رائے پور(این این آئی) ماحول کو صاف بنانے اور عوام میں صفائی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے سٹی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ریاست چھتیس گڑھ کے شہر امبیکاپور میں گاربیج کیفے کھولا گیا ہے، چھتیس گڑھ کے ہیلتھ منسٹرٹی ایس سنگھیو نے اس ہوٹل کا افتتاح کیا جس میں شہری 1 کلو پلاسٹک کا کچرا جمع کرانے کے بدلے میں ایک وقت کا کھانا حاصل کر سکیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اقدام بھارتی
وزیراعظم مودی کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، مودی سرکار کا منصوبہ ہے کہ 2022 تک بھارت کو پلاسٹک فری ملک بنانا ہے۔بھارتیپلاسٹک ویسٹ منیجمنٹ کے قانون 2016 کے مطابق 51 مائیکرونز سے زائد وزن رکھنے والے تمام پلاسٹک بیگ بین کر دیئے گئے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ نے پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والی کمپنیوں، خریدار وں اور بیچنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاون بھی شروع کر رکھا ہے۔