واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے یورپی یونین کی دھمکیوں کے باوجود ایئربس سمیت دیگر مصنوعات پر 7 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کا ریکارڈ ٹیرف نافذ کر دیا۔رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ٹی او کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجاویز کی توثیق کر دی گئی ہے جس سے چین سے تجارتی مخاصمت کے بعد ایک نیا محاذ کھل گیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے تباہی کا خطرہ ہوسکتا ہے۔عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود فرانس کے وزیر معاشی امور برونو لیمایئر نے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ملک کی جانب سے
یہ ایک جارحانہ قدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے میں ناکامی پر جوابی ردعمل کو دعوت دینے سے عالمی معیشت مزید سست ہوسکتی ہے۔فرانسیسی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت کو سست کرنے کے علاوہ ٹیرف میں اضافہ اور چین سے جاری تجارتی جنگ کے دوران یورپی یونین سے تجارتی جنگ چھیڑنا ایک غیر ذمہ دارانہ فعل ہوگایورپی یونین کی رکن ریاست کے وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم اپنے سر پر رکھی ہوئی بندوق کے ساتھ مذاکرات کرنا نہیں چاہتے کیونکہ جب آپ کے ہاتھ میں بندوق ہوتی ہے تو آپ کے پاس کوئی موقع نہیں ہوتا سوائے جواب دینے۔