لاہور( این این آئی،آن لائن )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ محبان وطن عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اوران کا گناہ صرف اتنا ہے کہ وہ آئین پاکستان اور جمہوریت سے پیار کرتے ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا خط میاں نواز شریف کو پہنچا تھا اور نواز شریف کا پیغام مولانا فضل الرحمان کو پہنچ گیا تھا۔اب کی بار پورا پاکستان اس دھرنے میں آئے گا،صرف مسلم لیگ (ن) ہی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام اس دھرنے میں شرکت کرے گی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازموبائل برآمدگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہہ جنہوں نے الزام لگایا، تردید بھی انہیں کی طرف سے آئی۔ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی۔لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے موبائل برآمدگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے الزام لگایا، تردید بھی انہیں کی طرف سے آئی۔مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس طرح جھوٹ کے پاوں نہیں ہوتے اسی طرح دھاندلی زدہ حکومت کے پائوں نہیں اور جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی۔بعد ازاں مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت سے واپس جیل روانہ کر دیا گیا۔