لاہور( این این آئی )سینئر اداکار نیئر اعجاز نے کہا ہے کہ بچپن میں کبھی بھی اداکاری کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا لیکن قسمت مجھے شوبز کی دنیا میں لے آئی،تین بھائی شوبز میں آئے اور تینوں نے اپنا مقام بنایا ۔ایک انٹر ویو میں نیئر اعجاز نے کہا کہ میں نے اپنی کیرئیر کی ابتدا ء پی ٹی وی سے کی اور مجھے چھوٹی سکرین سے بڑی شہرت ملی ۔ لاہور سے پیش کئے جانے والاڈرامہ
’’جنجال پورہ ‘‘سے میری مقبولیت کو بلندیوں پر پہنچایا۔ میں نے بڑی اسکرین پر بھی کام کیا جہاں مجھے منفی کرداروں میں زیادہ پسند کیا گیا اور میں نے زیادہ تر فلموں میں میں ولن کا کردار ادا کیا ہے ۔نیئر اعجا زنے کہا کہ میری بچپن سے خواہش تھی کہ میں پاک فوج میں جائوں لیکن قسمت مجھے شوبز کی دنیا میں لے آئی لیکن دل میں آج بھی خواہش مچلتی ہے کہ میں پاک فوج میں ہوتا۔