کراچی (این این آئی)پاکستان فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ ریشم نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مصنف و شاعر ایوب خاور کی نظم ’تو اب یہ سب یوں ہی ہوتا رہے گا؟‘ پڑھ کر کشمیری مظلومین کے دکھوں میں سانجھ ڈالی ہے۔اداکارہ ریشم نے کشمیریوں کے لیے شاعر ایوب خاور کی نظم دلکش انداز میں پڑھی۔کشمیر میں جاری انسانیت سوزی کی جہاں پوری دنیا مذمت کر رہی ہے وہیں پاکستانی فنکار بھی اپنے اپنے انداز میں کشمیری بہن بھائیوں اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔اداکارہ ریشم کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں
کا درد اپنے سینے میں محسوس کرتی ہیں اور یہ نظم پڑھ کر انہوں نے اپنے حصے کی شمع جلائی ہے۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں طویل ترین لاک ڈاؤن کے باعث دکانیں ،کاروباری مراکز بند ،موبائل ،انٹر نیٹ سمیت مواصلاتی رابطوں کے ذرائع بھی منقطع ہیں۔مقبوضہ وادی میں کچھ علاقوں میں لینڈ لائن سروس بحال کی گئی ہے۔بھارتی فوج کی سڑکوں پر جگہ جگہ موجودگی سے وادی میں خوف کی فضا قائم ہے،کشمیر پریس کلب کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بلا جواز کی پابندیوں کا مقصد صحافت کا راستہ روکنا ہے۔موبائل ،ٹیلی فون اور انٹرنیٹ بند ہونے سے صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔