لاہور (این این آئی)پاکستانی اداکار شہریار منور کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کیلئے ہسپتال پہنچے جہاں کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں نے اداکار کے ساتھ سیلفیز لیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر شہریار نے تصاویر اپلوڈ کیں اور ساتھ طویل کیپشن میں لکھا کہ تصاویر میں موجود بیشتر کینسر میں مبتلا مریضوں نے کینسر کو شکست دیدی ہے تاہم کچھ اب بھی مستقل اس سے جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ کینسر میں مبتلا بچوں سے ملاقات کے لیے انہوں نے انڈس
ہسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نے لکھا کہ وہ کینسر سے جنگ کرنے والوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو امید ، طاقت اور مثبت صلاحیتوں کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔شہریار نے لکھا کہ یہ ایسے لوگ ہیں جن کے چہروں پر برے وقت پر بھی ایک روشن مسکراہٹ رہتی ہے۔آخر میں انہوں نے بچوں میں کینسر سے متعلق آگاہی کے بارے میں لکھا کہ ستمبر کے مہینے میں بچوں میں کینسر سے متعلق آگاہی کا مہینہ ہے۔ اس دوران وہ بھی کینسر سے متعلق آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کا عہد کرتے ہیں۔