اسلام آباد(آن لائن) وزیرعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کیلئے قرضہ کی سہولت کا آغاز کررہا ہے ،جس کے تحت نوجوان انٹر پرینیورز میں 450 ملین روپے تقسیم کئے جائیں گے اور یہ اعانت پر مبنی کاروباری قرضہ ہو گا۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ذرائع کے مطابق ایس ایم ایز کیلئے قرضہ پر نصف شرح سود حکومت ادا کرے گی جبکہ باقی نصف
قرضہ حاصل کرنیوالے نوجوان ادا کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف برسرروزگار بنانا ہے بلکہ انہیں کاروباری سہولت فراہم کرکے دوسروںکو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اس پروگرام سے نہ صرف نوجوانوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ قومی معیشت کو بھی فروغ ملے گا جبکہ نوجوان ہنر مندوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کاروبار کرنے کا موقع میسر آئے گا۔