اسلام آباد( آن لائن )نامور پاکستانی اداکار بلال عباس نے کہا ہے کہ ڈراما ‘چیخ میں انہوں نے وجیح نامی ولن کا کردار نبھایا تھا، جس نے کئی قتل کیے لیکن اس پر اسے کسی قسم کی شرمندگی نہیں تھی۔اس ڈرامے کی کہانی کے ساتھ ساتھ اداکاروں کی اداکاری کو خوب سراہا گیا، لیکن سب سے زیادہ
مقبول ڈرامے کے دو کردار ہوئے، جن میں بلال عباس اور صبا قمر کے کردار شامل ہیں۔کیریئر کی ابتدا میں ولن کا کردار نبھانا یقینا کسی بھی ہیرو کے لیے بڑے چیلنج سے کم نہیں اور بلال عباس بھی اس ڈرامے کی آفر ملنے کے بعد خود کو ولن کے طور پر دیکھنے کے لیے خاصے مطمئن نہیں تھے۔یہ انکشاف اداکار نے ڈان کو دیے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں کیا جس دوران اداکار نے ‘چیخ’ میں ولن بننے کے حوالے سے بات کی۔بلال عباس کا کہنا تھا کہ ‘جب مجھے اس کردار کی آفر ہوئی تو میں بالکل قائل نہیں تھا، جب ڈرامے کے ہدایت کار بدر محمود میرے پاس آئے تو میں بیحد حیران ہوا کہ انہوں نے ایک ایسے کردار کے لیے میرا انتخاب کیا، لیکن میرا خیال ہے کہ وہ سمجھ گئے تھے کہ میں یہ کردار ادا کرسکتا ہوں’۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں نے بس قسمت آزمائی، ہاں مجھے اس بات کی فکر تھی کہ لوگ مجھے اس کردار میں دیکھ کر کیا سوچیں گے، لیکن میں خود ہوں کہ ناظرین اس کردار کو سمجھے اور اسے میری اصل شخصیت سے نہیں جوڑا’۔بلال عباس کے مطابق ایک جنونی اور قاتل کا کردار نبھانا یقینا مشکل تھا، لیکن وہ خوش ہیں کہ شائقین کو ان کا کام پسند آیا۔