تیونس سٹی (این این آئی)تیونس کے القصرین صوبے کے شہر حیدرہ میں جھڑپ کے دوران ایک پولیس افسر جاں بحق اور تین مسلح دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تیونس میں قبل از وقت صدارتی انتخابات سے دو پفتے پہلے پیش آنے والا یہ واقعہ الجزائر کی سرحد کے نزدیک ایک سیکورٹی آپریشن کے دوران سامنے آیا۔ نیشنل گارڈز کی فورسز کا یہ آپریشن ایک دہشت گرد گروپ کے خلاف کیا گیا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیشنل
گارڈز کے یونٹوں نے گھات لگا کر مذکورہ دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا تا کہ انہیں القصرین کے پہاڑی علاقے میں پہنچنے سے روکا جا سکے۔ سیکورٹی آپریشن کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔یاد رہے کہ القصرین صوبے میں اس سے پہلے بھی کئی مماثل واقعات پیش آ چکے ہیں۔ یہاں کے بعض پہاڑ شدت پسند مسلح عناصر کی پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ اس کے دور دراز پہاڑی علاقے متعدد سخت گیر گروپوں کے لیے زرخیز اراضی کی حیثیت رکھتی ہے۔