کراچی(این این آئی) ٹیلی ویژن کے معروف اداکار توقیر ناصر کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔توقیر ناصر نے مقامی انسٹیٹیوٹ میں طلباء، میڈیا اور فیکلٹی ممبران سے پروگرام ’’میٹ دی اسٹار‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے لیکن اس مشکل گھڑی میں پوری فنکار برادری نہ صرف کشمیر کے معاملے پر ایک اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے بلکہ حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے۔اداکار نے ڈراموں کے حوالے سے کہا کہ آج کا ڈرامہ کمرشل ہے جبکہ ماضی میں
ٹیلی ویژن ڈراموں کے باعث شادی بیاہ کی تقاریب میں شریک مہمان تاخیر کا شکار ہوجاتے تھے، ڈراموں میں مقصدیت اور معاشرے کی اطلاح کیلئے پیغام ہوتا تھا۔توقیر ناصر نے کہا کہ فنی صلاحیت خداداد ہوتی ہے البتہ اکیڈمی اور مسلسل کام فن کو نکھارتا ہے، پی ٹی وی سمیت ملک میں 100 سے زائد میڈیا ہائوسز ہیں جو فنکاروں کی تربیت کے لیے اکیڈمیاں قائم کرسکتے ہیں، پی ٹی وی نے فنکاروں، کہانی نویسوں، ہدایت کاروں کے ساتھ ظلم کیا ہے، پی ٹی وی خود تو ترقی کرتا رہا جبکہ سینئر فنکار و دیگر زبوں حالی کا شکار رہے، پی ٹی وی کی ذمہ داری تھی کہ وہ سینئر فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی فنڈ مختص کرتا۔