اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی جانب سے زیر حراست بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ویانا کنونشن کے تحت قونصلر رسائی دے دی گئی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلو اہلو والیہ ، ویزہ افسر اور زیر حراست بھارتی جاسوس کے درمیان سب جیل میں ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کلبھوشن سے ملاقات کیلئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلیوالیہ دفتر خارجہ پہنچے تھے جہاں پہلے انہوں نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔اطلاعات کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیہ، ویزہ افسر اور زیر حراست بھارتی جاسوس کے درمیان سب جیل میں یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔ذرائع کے مطابق کمانڈر کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو نامعلوم مقام لے جایا گیا اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔حکام کے مطابق ملاقات عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی کی فراہمی کے فیصلہ کی روشنی میں کروائی گئی۔عالمی میڈیا کے مطابق بھارتی عہدیدار نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی تھی کہ عالمی عدالت انصاف کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان ملاقات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا تاکہ ملاقات آزاد، معنی خیز اور موثر طور پر ہوسکے۔قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ بھارتی جاسوس کو ویانا کنونشن کے تحت 2 ستمبر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن یادو کو قونصلر رسائی دینے کی باضابطہ پیش کش کی تھی۔