راولپنڈی ( اے پی پی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کو 31اگست تک ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک واجبات کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں نادہندگان کی گاڑیاں بند کر دی جائیں گی اور 100فی صد جرمانہ عائد کیاجائے گا ۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ٹوکن ٹیکس نادہندگان کو 31اگست تک 10فی صد رعائت کے ساتھ واجبات کی ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے اور نادہندگان کو اس سہولت سے استفادہ کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ ایکسائز پنجاب کے ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو مزید بتایاکہ مقررہ ڈیڈ لائن تک واجبات کی ادائیگی میں ناکام رہنے والے مالکان کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے گا ۔اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرایکسائز راولپنڈی سہیل شہزاد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ ایکسائز پنجاب نے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کو 31اگست تک اپنے ذمہ واجب الاداء ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پر 10فی صد رعائت کا اعلان کر رکھا ہے اس لیے ٹوکن ٹیکس نادہندگان اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے واجبات بروقت ادا کریں ۔سہیل شہزاد نے کہاکہ رعائتی مہلت سے فائدہ نہ اٹھانے والے ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی ،ٹوکن ٹیکس نادہندگان خصوصاً کمرشل گاڑیوں کو جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ڈیفالٹرز کی گاڑیوں کی بندش کے ساتھ ساتھ نادہندگان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ 31اگست کے بعد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیاں بند کردی جائیں گی اور ان پر 100فی صد جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایاکہ ٹوکن ٹیکس کی رعائتی ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے خصوصی کائونٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں اس لیے جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے بتایاکہ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن چوہدری سہیل ارشد کی ہدایات پر اہداف کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ۔اس ضمن میں ایم آر اے ون ملک امجد اعوان ،ایم آر اے ٹو سہیل صابر کی بھرپور کوششوں کے نتیجے میں ریونیو اہداف کے حصول میں موٹر برانچ راولپنڈی کی شاندار کارکردگی رہی ۔