لارڈز(این این آئی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بولر بن گئے۔بولٹ نے یہ اعزاز انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف حاصل کیا،بولٹ نے اننگز کے آخری یعنی 50 ویں اوورز میں یکے بعد دیگرے آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ، مچل اسٹارک اور جیسن بہرن ڈروف کو پویلین کی راہ دکھائی۔ٹرینٹ بولٹ کی ون ڈے کیریئر میں یہ دوسری ہیٹ ٹرک ہے، اس سے قبل انہوں نے نومبر 2018 میں متحدہ عرب امارات میں
پاکستان کیخلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔وہ رواں ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی نے افغانستان کیخلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ورلڈکپ کی تاریخ میں ٹرینٹ بولٹ ہیٹ ٹرک کرنے والے 10 ویں بولر ہیں۔ اس سے قبل چیتن شرما، ثقلین مشتاق، چمندا واس، بریٹ لی، ملنگا، کیماروچ، اسٹیون فن، جے پی ڈومینی اور محمد شامی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ لاستھ ملنگا واحد بولر ہیں جنہیں ورلڈکپ میں دو ہیٹ ٹرکس کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔