اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے تمام فریقین کو خطے میں دہائیوں سے جاری محاذ آرائی کے خاتمے کیلئے مسئلے کے سیاسی حل کی طرف بڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔اتوار کو امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسیڈر زلمے خلیل زاد وزارت خارجہ پہنچے تو وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر پاک، امریکا دوطرفہ مشاورتی اجلاس ہوا۔۔مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،خطے
میں امن و امان کی صورتحال،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کھوکھر نے کہاکہ پاکستان،وزیراعظم عمران کے ویژن کے مطابق، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا-پاکستان نے مسئلے کے سیاسی حل کی طرف بڑھنے کا مشورہ دیا۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہاکہ خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔