اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے زرتاج گل کی بہن کی ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کے معاملے کا نوٹس لے لیا،سمانیوز کے مطابق وزیر اعظم نے زرتاج گل کو کہا ہے کہ نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لیا جائے ،نعیم الحق نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ایسا کرنا پی ٹی آئی کی روایات کیخلاف ہے ، پی ٹی آئی نے ہمیشہ اقربا پروری کی مخالفت کی ہے ،یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا کے
عہدے سے نواز دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔شبنم گل لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر تعینات تھیں اور انہوں نے 2014 سے لےکر 2018 تک پی ایچ ڈی مکمل کرنی تھی لیکن انہوں نے مزید چار سال کی توسیع کروائی ۔ پی ایچ ڈی کے بعد پانچ سال کسی بھی ادارے میں پڑھانا لازمی ہوتا ہے لیکن شبنم گل نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اور اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر نیکٹا کے شرائط پر پورا بھی نہیں اترتیں ۔