نئی دلی( آن لائن ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست فاش پر پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ لوک سبھا الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے واضح برتری حاصل کر کے
بھارت کی بانی جماعت کانگریس کو ایک بار پھر شکست فاش سے دوچار کیا، کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں استعفیٰ پیش کر دیا۔بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں موجود اہم رہنمائوں سونیا گاندھی، من موہن سنگھ، امریندر سنگھ، غلام نبی آزاد، شیلا ڈکشٹ سمیت تمام ہی اراکین نے راہول گاندھی کے فیصلے کو مسترد کردیا جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے استعفی نامنظور کردیا۔دوسری جانب کانگریس کے رہنما رندیپ سنگھ نے پارٹی صدر راہول گاندھی کے مستعفی ہونے کی پیشکش سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی میں شکست کی وجوہات اور انتخابی مہم میں کمزوریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم استعفیٰ کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ادھر وزیراعظم نریندرا مودی نے لوک سبھا انتخابات کی تکمیل کے بعد آئین کے تحت صدر مملکت رام ناتھ کوند سے الوداعی ملاقات کے دوران اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ صدر کوند نے وزیراعظم نریندرا مودی کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔