کراچی(این این آئی)حکومت کی جانب سے ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی آخری تاریخ میں تین مرتبہ توسیع کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔گزشتہ سال 2018میں ٹیکس گوشوارے داخل کرانے والوں کی تعداد7فیصد افزائش سے 19 لاکھ60ہزار رہی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آرنے آخری حتمی تاریخ 30 اپریل 2019 تک 19 لاکھ 63 ہزار 384 ٹیکس گوشوارے وصول کیے ہیں۔ ٹیکس سال2017 کے دوران ایف بی آر کو18لاکھ40ہزار ٹیکس گوشوارے وصول ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرحکومت نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کروادی توٹیکس گوشوار ے داخل کروانے والوں
کی تعداد20لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس کیلئے اسکیم کے موثر بہ عمل ہونے کی مدت میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ایف بی آر نے پچھلی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں مقامی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے 78 ہزار گوشوارے وصول کیے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے اب تک43لاکھ نیشنل ٹیکس نمبر(این ٹی این) جاری کیے ہیں اور این ٹی این کے حامل افراد اور کمپنیوں کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے لازمی ہیں۔