اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف میں مذاکرات کامیاب ہو گئے، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تین سالوں میں چھ ارب ڈالرز ملیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تین سال کا معاہدہ طے پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کچھ شرائط ہمارے حق میں ہیں، آئی ایم ایف کا بورڈ اس معاہدے کی حتمی منظوری دے گا۔
انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ امیر طبقے کی سبسڈی ختم کرنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ عام آدمی پر بوجھ نہ ڈالا جائے، مشیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے یہ آخری معاہدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے ملک کی معاشی صورتحال مشکلات کا شکار ہے، پاکستان کے مجموعی غیر ملکی قرضے 90 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔