بیجنگ (این این آئی) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہاہے کہ چین سفارتکاری میں پاکستان کیساتھ تعلقات کوترجیح دیتا ہے ، پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کے مفادات کا ہمیشہ احترام کیاہے اور باہمی حمایت کی پالیسی پر کار بند رہے ہیں ،دنیا اور خطے میں حالات جو بھی ہوں چین ہمیشہ پاکستان کی قومی اقتدار اعلیٰ اور قومی احترام کی حمایت کی پالیسی جاری رکھے گا۔
چین پاکستان کی جانب سے ترقی کی پالیسیوں ، دہشتگردی اور شدت پسند قوتوں کے خلاف پالیسی کی حمایت کرتا ہے،امید ہے پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری اور خطے کی سلامتی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے ا ن خیالات کااظہار پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کیساتھ اتوار کو بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں کیا ۔چینی سی جی ٹی این ٹی وی کے مطابق چینی صدر نے پاکستان اور چین کے درمیان تذویراتی شراکت داری کا مقدم کرتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کے مفادات کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور باہمی حمایت کی پالیسی پرکاربند رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دنیا اور خطے میں حالات جو بھی ہوں چین ہمیشہ پاکستان کی قومی اقتدار اعلیٰ اور قومی احترام کی حمایت کی پالیسی جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کی جانب سے اپنی ترقی کی پالیسیوں ، دہشتگردی اور شدت پسند قوتوں کے خلاف پالیسی کی حمایت کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی اور خطے کے سکیورٹی ماحول کیلئے بھی اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں مثبت کر دارادا کیا ہے ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری ، پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور مالی تعاون سے متعلق صدرشی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کے تحت تعاون جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے اور تذویراتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ۔جنوبی ایشیاء کے حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی صدر نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ پاکستان اوربھارت تعلقات کی بہتری اور خطے کی سلامتی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔چینی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں دیگرممالک اہم کر دارادا کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک اس منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے جو کہ پاکستان کی اقتصادی حالت اور عوام کی زندگی بہتر بنانے میں اہم کر داراداکریگا ۔انہوں نے چین کی پاکستان کے ساتھ طویل مدتی تعاون کاخیر مقدم کیا ۔