اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے شہروں کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرنےکا انکشاف ،میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے سرکاری گوداموں میں گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کی اطلاع پر نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے۔ ذرائع کے مطابق رمضان المبارک میں گندم کا بحران پیدا کرنے کی ایک گھناؤنی سازش کی جا رہی تھی جو اب بےنقاب ہوگئی ۔چیئرمین نیب
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب سکھر نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں پر چھاپہ مارا۔ جس کے بعد معلوم ہوا کہ گوداموں سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی گندم غائب کردی گئی اور اس کی جگہ جو گندم موجود تھی اس میں بھی مٹی ملائی گئی تھی۔اس حوالے سے نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ غائب کی جانے والی گندم کو مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔مزید انکشافات متوقع ہیں۔