شمالی وزیرستان(آن لائن)شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں لیویز چیک پوسٹ پر دھماکے سے 3 لیویز اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں جونہی لیویز اہلکار چیک پوسٹ پر پہنچے تو چیک پوسٹ کے قریب نصب بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ۔ دھماکا ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں ہوا۔ بارودی مواد چیک پوسٹ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے
سے شہید ہونے والے اہلکاروں میں امیر زمان اور عبدالولی شامل ہیں ۔ شہید اور زخمی اہلکار مقامی ہیں۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی ناسور کا صفایا کر کے دم لیں گے ۔ دہشت گرد ایسے حملوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں کر سکتے کیونکہ کوئی بھی مذہب معصوم بے گناہ لوگوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔