لاہور (این این آئی)بھارتی جیل میںجاں بحق ہونے والے پاکستانی ماہی گیر کی میت پاکستان لانے میں تین سے چار دن لگ جائینگے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان خیرسگالی کے تحت سیکڑوں بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرچکا ہے مگر بھارتی جیل میں ایک اور پاکستانی ماہی گیر جان کی بازی ہار گیا، ترجمان فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق محمد سہیل نامی ماہی گیر کراچی کی محمدی کالونی کا رہائشی تھا۔سہیل کو بھارتی فورسز نے 2 اکتوبر 2016ء میں شکار کے دوران
سمندری حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگاکر گرفتار کیا تھا، محمد سہیل کی موت کی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی تاہم اس کی میت تین سے چار دن میں پاکستانی حکام کے حوالے کردی جائیگی۔ترجمان کے مطابق بھارتی جیلوں میں تاحال 108 پاکستانی ماہی گیر جیل حکام کے تعصب اور مقامی قیدیوں کے تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں،اس سے قبل 20 فروری کو بھارتی صوبے راجستھان میں جے پور کی سینٹرل جیل میں قید شاکر اللہ نامی پاکستانی قیدی کو جیل میں پتھر مار کر قتل کردیا گیا تھا۔