اسلام آباد(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل ان کی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کی سکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے ڈاکٹرز کی ٹیم اور ان کے دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔ محمد بن سلمان کے زیر استعمال
فرنیچر اور دوسرے سامان کے 2 ٹرک بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔سعودی سفیر کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو بڑے وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے وزیراعظم ہاؤس میں قیام کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اسلامی فوجی کے اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کی سربراہی میں وفد بھی پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہے جو پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔