لاہور (این این آئی) آل پاکستان حج فورم ایسوسی ایشن نے حکومت کے مقابلے میں سستے حج پیکج کا اعلان کر دیا ۔ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرعادل بٹ نے کہاکہ سرکاری اسکیم کے تحت حج کا خرچہ 4 لاکھ 36 ہزارروپے ہے جبکہ آل پاکستان حج فورم ایسویسی ایشن کی جانب سے عازمین کو 3 لاکھ 75 ہزار روپے میں حج پیکج دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ سستے حج کے لیے کوٹہ سرکاری اورپرائیویٹ ٹوور آپریٹرز میں مساوی تقسیم
ہونا چاہیے۔ کوٹہ کی برابرتقسیم سے سبسڈی کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری حج کی آڑمیں حاجیوں کی رہائش، کھانے اورٹرانسپورٹ کی مدمیں کرپشن کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی کوئی پالیسی نہیں اور وہ مافیا کے پیچھے کھڑی ہے ۔ حکومت کے اعلان سے ایک خاص طبقے کو نوازا گیا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم احتجاج کریں گے ۔