کراچی (این این آئی) سندھ میں مشیروں کی تعیناتی کے معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ آمنے سامنے آگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر اور وزیر اعلی نے ایک دوسرے کی بھیجی گئی سمریاں روک لیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعجاز جاکھرانی کو وزیر اعلی مراد علی شاہ کا مشیر بنانے سے متعلق سمری روک دی۔ذرائع کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کے رویے پر ان سے ناراض ہے، صوبائی وزیر ناصرشاہ کافی کوششوں کے باوجود گورنر عمران اسماعیل کو نہیں منا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اس سے پہلے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ گورنر عمران اسماعیل کی جانب سے مشیر کی تعیناتی کی سمری روک چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ تحریک انصاف کے رہنما امیدعلی جونیجو کو مشیر بنانا چاہتے ہیں، جن کی تقرری کی سمری ڈھائی ماہ سے وزیر اعلی سندھ نے روک رکھی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اس حوالے سے وزیر اعلی ہاوس کا موقف ہے کہ گورنر سندھ کو مشیر مقرر کرنے کا قانونی اختیارنہیں ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس ضمن میں گورنر ہاوس اور وزیر اعلی ہاوس میں فی الحال رسہ کشی جاری ہے۔