اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ملکی اداروں کو تباہ کرنے کے حوالے سے حقائق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملتان سکھر موٹروے منصوبے سے قومی خزانے کو 70 ارب کا نقصان پہنچایا ہے،منصوبے پر کام کے بدلے جاوید صادق کو کمپنی کا ڈائریکٹر بنایا گیا، اس منصوبے پر ایم او یو احسن اقبال نے کئے تھے، پاکستان کی عوام کا پیسہ لوٹا گیا ہے، نیب معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، اس سے اس حوالے سے تفصیلات لیں گے،
این ایچ اے نے گزشتہ چند ماہ میں قومی خزانے کو 4329 ملین روپے کا فائدہ پہنچایا ہے،گزشتہ دور حکومت کے وزیر مملکت کا ٹی اے ڈی اے میری تنخوا سے بھی زیادہ تھاجلد پیپلز پارٹی دور میں رقم لاڑکانہ منتقل کرنے کی تفصیلات بھی سامنے رکھوں گا،ہم بڑے خواب دیکھ کر آئے ہیں،کرپٹ عناصروں کو جیل میں ڈالنا ہے۔جمعے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اآج ملکی اداروں کو تباہ کرنے کے حقائق سامنے رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سکھر موٹروے منصوبے سے قومی خزانے کو 70 ارب کا نقصان پہنچا ہے ،اس منصوبے کے کردار احسن اقبال جاوید صادق اور شریف برادران ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ میں تمام باتیں شواہد کے مطابق بات کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ شروع ہونے کے وقت یہ لوگ ایک کمپنی کے پاس گئے،2015ء میں بڈنگ کر کے کہ اسی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا جس کیساتھ ایم او یو ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید صادق کو اس کام کے بدلے کمپنی کا ڈائریکٹر بنایا گیاجہاں وہ بطور ایجنٹ کام کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید صادق کے بارے میں قائد نے کہا کہ یہ شریف برادران کا فرنٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے متعلق ایم او یو پر دستخط احسن اقبال نے کئے تھے ، اس منصوبے کا مکمل تخمینہ 259 ارب روپے لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کی تحقیقات کی ہے، تحقیقات کے بعد احسن اقبال کا کردار سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال شرافت کا لبادہ اوڑھ کر اب روز یہاں پریس کانفرنس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا پیسہ لوٹا گیا ہے، نیب پہلے ہی معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، نیب سے تحقیقات سے متعلق تفصیلات لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ این ایچ اے نے گزشتہ چند ماہ میں 4329 ملین روپے کا قومی خزانے کو فائدہ پہنچایا ہے۔مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وعدہ تھا کرپشن کو جڑ سے اکھاڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت کے وزیر مملکت کا ٹی اے ڈی اے میری تنخوا سے بھی زیادہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی قسط تھی اگلی قسط پیپلز پارٹی سے متعلق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں رقم لاڑکانہ منتقل کرنے کی تفصیلات بھی سامنے رکھوں گا،ہم بڑے خواب دیکھ کر آئے ہیں،کرپٹ عناصروں کو جیل میں ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری پر یہ نہیں کہا گیا کہ مجھے کیوں نکالا؟،میں بات کرتا ہوں تو شہباز شریف لابی میں چلے جاتے ہیں وہ خود تو چلے جاتے ہیں گالیاں دینے کے لئے اپنے لوگ چھوڑ جاتے ہیں۔