اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کو قریب لانے کی کوشش نہیں کرونگا ،سیاست میں اختلاف رائے اور گلے شکوے معمول کی بات تاہم انہیں دور اوراپوزیشن کو متحد ہونا چاہئے۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آئندہ میں سابق صدر آصف علی زرداری
اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کی مزید کوشش نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان دوریوں کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن ان دونوں کی ایک دوسرے سے شکایتیں برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان دوریاں ختم کرانا اب میری کوشش نہیں بلکہ خواہش ہے کیونکہ موجودہ صورتحال میں یہ بہت ضروری ہے کہ اپوزیشن متحد ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے اور گلے شکوے معمول کی بات ہے، تاہم ان اختلافات کو دور ہونا چاہئے اور اپوزیشن کو متحد ہونا چاہئے ۔