فیصل آباد (این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم عمران خان کی دوستی میں چپ ہوں، بول پڑا تو بات بہت دور تک جائیگی،پی اے سی کیلئے میرا نام وزیراعظم نے بھیجا، قانونی طور پر کوئی اس کا راستہ نہیں روک سکتا۔
منگل کو فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے آپ کو پروڈکشن آرڈر کیوں دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی دوستی میں چپ ہوں،بول پڑا تو بات بہت دور تک نکل جائیگی۔شیخ رشید نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کیلئے میرا نام وزیراعظم نے بھیجا ہے،قانونی طور پر کوئی اس کا راستہ نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہاکہ میں عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ چھوٹی چوریوں میں ملوث تمام افراد کو رہا کردیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ میں یہ کیس بھی دائرکروں گا کہ لوگوں کے بیسیوں کیسز ہیں جبکہ یہ موجیں مار رہے ہیں،ان کی آنیاں جانیاں دیکھیں۔ وزیر ریلوے نے لیگی قیادت کا نام لئے بغیر کہا کہ ڈیل کی بات کرنیوالے ڈھیٹ ہوچکے ہیں، یہ 20 سال پہلے جن بیماریوں کی بنیاد پر پاکستان سے بھاگے تھے، وہ رپورٹیں منظر عام پر لائی جائیں۔