لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنا لیبل لگا رہی ہے، ڈاکٹرز کہتے ٹینشن نہ لیں،ڈاکٹرزیہ بات ان کو بتائیں جو اصل میں مجھے ٹینشن دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف سے آج لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ن لیگی رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ
حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث معیشت کا برا حال ہوگیا ہے۔ صحت کارڈ ہمارے دور کا منصوبہ ہے۔ حکومت ہمارے دور کے منصوبوں پر اپنا لیبل لگا رہی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹر کہتے ہیں ٹینشن نہ لیں۔ٹینشن والی بات توڈاکٹرز کو ان کو بتانی چاہیے جواصل میں مجھے ٹینشن دے رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بھانجے محسن لطیف سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا کہ آج بھی وہی باتیں ہورہی ہیں جو کلثوم نوازکی بیماری کے موقع پر کی جاتی تھیں۔ ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب خود چاہتے ہیں کہ انہیں جیل واپس بھیجا جائے۔ مریم نواز نے صحافی کے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ اللہ تعالی میاں صاحب کو صحت دے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔واضح رہے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں چھ رکنی میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی علاج جاری ہے جس نے نواز شریف کی مختلف ٹیسٹوں کی رپورٹس پر تفصیلی مشاورت کی ،تجویز پر او پی ڈی وارڈ میں مزید ٹیسٹ بھی کئے گئے ، میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا کہ ٹیسٹ رپورٹس میڈیکل بورڈ کے سامنے آئی ہیں جن پر مشاورت ہوئی ہے۔۔