پشاور(آن لائن) وفاقی حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر بطور سیاحتی ملک متعارف کرائے گی اس سلسلے میں دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو پاکستانی سیاحت کی ترویج کی ہدایات جاری کی جائینگی۔ پاکستان میں عالمی سطح کا سیاحتی ایکسپو منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔سیاحتی ایکسپو میں غیر ملکی سفارتکاروں سمیت سیاحت کے شعبے سے منسلک افراد اور اداروں کو مدعو کیا جائے گا۔
یہ فیصلے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی ٹوارزم ٹاسک فورس کے اجلاس میں کئے گئے ہیں۔اجلاس میں خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر عاطف خان،سندھ،بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے سیاحت کے علاوہ وفاقی وزراء اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔سینئر وزیر خیبر پختوخوا برائے سیاحت وثقافت محمد عاطف خان نے صوبے میں سیاحت کے حوالے سے آٹھائے جانے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختوخوا میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لئے کابینہ اجلاس میں ٹوارزم اور کلچر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔اسکے علاوہ رواں سال ٹوارزم پولیس کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا۔سینئر وزیرنے کہا کہ 20 نئے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کیساتھ رابطہ کیا گیا ہے۔پہلے سال 4 نئے سیاحتی مقامات کو جلد ازجلد آباد کرکے سیاحوں کے لئے کھول دیا جائیگا۔صوبے میں ایڈونچر اور مذہبی سیاحت کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا کہ صوبے میں بدھ مت کے مقدس مقامات کو محفوظ بنانے کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں اسکے علاوہ صوبے میں 5 سکی ریزارٹ بنانے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔