اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہاہے کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے بیرون ملک سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کیلئے مراعاتی پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر کی قانونی ذرائع سے زیادہ سے زیادہ منتقلی ان کی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے،
ترسیلات زر کیلئے پوائنٹ سسٹم لایا جارہا ہے جو اگلے چند ماہ میں آپریشنل ہو جائے گا، بیرون ممالک سے قانونی چینل سے ترسیلات بھیجنے والوں کو پوائنٹس دیئے جائیں گے، پوائنٹ کارڈ کے ذریعے انہیں مختلف مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنیوالے وہ پاکستانی جو او پی ایف میں رجسٹرڈ ہوں گے ان کے بچوں کی سکولنگ، ہیلتھ انشورنس، بیرون ملک سے جو میتیں پاکستان لائی جاتی ہیں ان کی منتقلی کے حوالے سے بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔