اسلام آباد (این این آئی) وزیرمملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ ہماری نواز شریف اور زرداری سمیت کسی سے دشمنی نہیں،ای سی ایل میں نام شامل ہونے پر ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی ہے ٗ قانون سے بالا تر کوئی نہیں ہے ،۔ پیر کو وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے یونین کونسل تیمار میں
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد میں جنگلات کا کچھ ایریا سی ڈی اے اور کچھ راولپنڈی انتظامیہ کے پاس ہے۔انہوں نے کہاکہ جنگلات کی کل اراضی ساڑھے پانچ ہزار ایکڑ ہے، جنگلات کی 7 سو ایکٹر سے زائد اراضی پر قبضہ تھا،2 سو ایکٹر واگزار کرا چکے ہیں۔جہاں کھڑے ہیں یہ 50 ایکڑ ہے جس کی قیمت 10 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات سے خوبصورتی اور سبزہ ہوتا ہے،وزیر اعظم کا گرین پاکستان کا ویژن ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کو سر سبز اور خوبصورت بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 5 سو ایکڑ اراضی پر ابھی بھی قبضہ ہے اس کو بھی واگزار کرائیں گے کیونکہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں۔وزیرمملکت نے کہا کہ جنگلات میں موجود درختوں کی کٹائی پر ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں،جس نے جنگلات کو نقصان پہنچایا ریاست ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہماری نواز شریف اور زرداری سمیت کسی سے دشمنی نہیں۔انہوں نے کہاکہ جس کا نام ای سی ایل میں ہو اس کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔