اسلام آباد (این این آئی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اسٹیٹ لائف انشورنس میں جعلی بیمہ ایجنٹ بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا جس کے باعث خزانے کو سالانہ چار ارب اسی کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے بتایا ہے کہ اسٹیٹ لائف، نیشنل انشورنس اور ری انشورنس کمپنیز کی نجکاری موخر کردی گئی ہے،اسٹیٹ لائف انشورنس کی کارکردگی میں آئندہ ایک سال کے دوران واضح بہتری آئے گی،ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے،کوشش ہو گی کہ
رواں سال برآمدات 25 ارب ڈالر سے تجاوز کریں گی ،رواں مالی سال تجارتی خسارہ میں 4 سے 5 ارب روپے تک کمی آئیگی۔پیر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس کمیٹی چیئر مین شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس کے دور ان نیب حکام کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ کمیٹی چیئر مین شہباز شریف نے نیب افسر سے استفسار کیا کہ آپ کو اب ریکارڈ مل گیاجس پر نیب افسر نے جواب دیا کہ جی سر !آپ کی مداخلت کی وجہ سے ریکارڈ ملا ہے۔نیب حکام نے بتایا کہ انکم سپورٹ پروگرام میں گھپلوں کا کیس جلد مکمل کرکے کیس ریفرنس کے لیے انتظامی بورڈ میں بھیج دینگے۔اجلاس کے دور ان اسٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے ٹھٹھہ سیمنٹ میں سرمایہ کاری کے معاملہ پر آڈٹ حکام نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف نے 5 فیصد کی جائز سرمایہ کاری کے بجائے 17 فیصد سرمایہ کاری کی۔ آڈٹ حکام کے مطابق حکومت کی ہدایات کے برعکس اسٹیٹ لائف نے 13 کروڑ 83 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ ہمیں غلطی کا احساس تھا اس لئے ٹھٹھہ سیمنٹ کے شیئرز بروقت بیچ دیئے۔ سیکرٹری تجارت نے کہاکہ 13 کروڑ کے شیئرز خرید کر 26 کروڑ روپے کے فروخت کئے۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ منافع کی بات نہیں، رسک نہیں لینا چاہئے۔کمیٹی نے وزارت تجارت کو ہدایت کہ استعمال نہ ہونے والی
رقوم بروقت قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔کمیٹی اراکین نے کہاکہ یہ اچھی روایت نہیں ہے کہ اصل رقم جاری نہ ہو اور ضمنی گرانٹ لیکر استعمال کرلی جائے۔اجلاس کے دور ان کمیٹی نے وزارت تجارت کو اپنا انٹرنل کنٹرول نظام بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔ اجلاس کے دور ان وزارت تجارت میں پانچ کروڑ تک کی بے قاعدگیوں سے متعلق آڈٹ اعتراضات ذیلی کمیٹی کے حوالے کئے گئے ،شاہدہ اختر علی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی ان آڈٹ اعتراضات کی جانچ پڑتال کرے گی۔
چیئر مین شہباز شریف نے تمام وزارتوں اور ڈویڑنز کو محکمانہ اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی ۔سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کی کارکردگی میں آئندہ ایک سال کے دوران واضح بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ لائف، نیشنل انشورنس اور ری انشورنس کمپنیز کی نجکاری موخر کردی گئی ہے۔سیکرٹری تجارت نے کہا کہ نجکاری کرنے سے چھوٹا بیمہ کروانے والے متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ لائف میں جعلی بیمہ ایجنٹ رجسٹرڈ تھے۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ ہر سال 4.8 ارب روپے کا جعلی کمیشن ادا ہوتا تھا۔سیکرٹری تجارت نے کہاکہ ہم نے تمام سیلز افسروں کو سیلز منیجر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔اجلاس کے دوران ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ اسٹیٹ لائف سیلز افسروں کی تنظیم نے ہڑتال کر رکھی ہے۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہو گی لیکن جعلی ایجنٹوں کو پیسہ نہیں دے سکتے۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ رواں مالی سال تجارتی خسارہ میں 4 سے 5 ارب روپے تک کمی آئے گی۔ یونس ڈھاگہ نے کہا کہ تیل کی درآمد پر بھی اخراجات میں کمی آئی ہے۔سیکرٹری تجارت نے کہاکہ کوشش ہو گی کہ رواں سال برآمدات 25 ارب ڈالر سے تجاوز کریں گی۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ چینی اور گندم کی برآمد میں بھی بہت بہتری آ رہی ہے،پاکستانی آم اور کینو اب متعدد ممالک کو برآمد ہو رہے ہیں۔ سیکرٹری تجارت نے کہاکہ آلو کی برآمد میں کچھ رکاوٹیں تھیں جو دور کر دی گئی ہیں۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ سری لنکا کو اب تک ایک لاکھ ڈالر کا آلو برآمد کیا گیا ہے۔