لاہور(این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے لاہور کے علاقہ تھانہ ہنجر وال میں استاد کی توہین کے مبینہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور وقاص نذیرنے آئی جی پنجاب کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کرد ی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پولیس کو اشفاق کے گھر میں پتنگ بازی کی اطلاع ملی تھی جس پر قانونی کاروائی کرنے کے لئے انچارج چوکی ٹھوکر نیاز بیگ اور دو کانسٹیبل وہاں پہنچے مگرجب پولیس ٹیم نے
انہیں قانون کی خلاف ورزی سے روکنے اور گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اشفاق اور اس کے رشتہ داروں نے مزاحمت کی اور پولیس جوانوں کو مارنا شروع کر دیا۔جس کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او سبزا زار اور ایس ایچ او تھانہ ہنجروال فوراًانچارج چوکی اور دونوں کانسٹیبلان کی مدد کے لئے موقع پر پہنچے ۔جس کے بعدملزمان کے خلاف مزید قانونی کاروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 190/19بجرم 3/4کائٹ فلائنگ ایکٹ، 353، 342، 382، 186، 427، 147 اور 149درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔