لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نئے پاکستان میں بیرونی قرضوں کی سنچری مکمل ہو گئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق چار ماہ کے دوران چار ارب ڈالر کا نیا قرض لیا گیا، اب پاکستان پر عائد بیرونی قرضے 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا کہ ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی، شاہ خرچیوں پر پابندی، سبسڈی کلچر کے خاتمے کی مہم، درآمدات کی حوصلہ شکنی، برآمدی شعبے کی ترقی اور مقامی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کے اقدامات کرنے کے باوجود خسارہ
کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے، اقتدار سنبھالنے کے بعد حکومت نے اوسطاً چار ماہ میں چار ارب ڈالر کا قرض لیا ہے اور اس طرح قرضوں کی سنچری مکمل کر لی ہے، اعداد و شمار کے مطابق پاکستان پر عائد بیرونی قرضے اب 100 ارب ڈالر سے بھی بڑھ چکے ہیں، حکومت نے چار ماہ کے دوران سعودی عرب سے تین ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارت سے ایک ارب ڈالر وصول کیے ہیں اور مزید دو ارب ڈالر قرض لیا جائے گا، ان قرضوں پرپاکستان کو تین فیصد سالانہ سود بھی دیناپڑے گا۔