پشاور (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء زاہد خان نے اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کرنے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم سے متعلق بلاول بھٹو کے بیانات کی تائید کرتے ہیں، تینوں چھوٹے صوبے اٹھارویں ترمیم رول بیک کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز وزیراطلاعات ونشریات نے اٹھارویں ترمیم کیخلاف بیان دیا، لگ رہا تھا سلیکٹڈ وزیراعظم کو اٹھارویں ترمیم رول بیک کرنے کے معاہدے پر اقتدار سے نوازا گیا۔ زاہد خان نے کہا کہ الیکشن پر سیاسی جماعتوں نے جو دھاندلی کے الزامات کی باتیں کیں وہ اب واضح ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر یہ ہو رہا ہے کہ اس حکومت کو خاص مقصد کیلئے لایاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک روز قبل وزیراطلاعات نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم سے پہلے وفاقی حکومت کے پاس بہت پیسہ تھا لیکن اٹھارویں ترمیم کے پاس وفاق کے پاس پیسہ کم ہوگیا۔ زاہد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء اٹھارویں ترمیم کیخلاف پہلے بات کرتے تھے پھر کہتے تھے یہ ہماری ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کی کہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو لانگ مارچ کرینگے ۔ ہم بلاول بھٹو کے بیان کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں ۔ زاہد خان نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے کا مطلب ہوگا کہ یہ وفاق کو نقصان پہنچانے کے پیچھے پڑے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء زاہد خان نے اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کرنے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم سے متعلق بلاول بھٹو کے بیانات کی تائید کرتے ہیں، تینوں چھوٹے صوبے اٹھارویں ترمیم رول بیک کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔