کابل (این این آئی)ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دوحہ میں طالبان اور امریکہ کے درمیان 6 روزہ مذاکرات ہوئے جس میں امریکی وفد سے افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلا پر بات ہوئی۔ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ امریکہ سے دیگر اہم معاملات پر بھی بات چیت میں پیشرفت ہوئی۔ترجمان کے مطابق قطر مذاکرات میں طالبان کی پالیسی بہت واضح
تھی کہ افواج کے انخلا کا معاملہ طے ہونے تک دیگر معاملات پر پیشرفت نہیں ہوگی۔ترجمان کے مطابق بات چیت کیلئے قطرکے تعاون کے شکر گزار ہیں، جنگ بندی سے متعلق معاہدہ اور کابل انتظامیہ سے بات چیت کی خبروں میں صداقت نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حساس اور غیرحل شدہ معاملات پر مذاکرات کیلئے مستقبل میں بات چیت کی جائے گی اور مذاکرات میں معاملات کامناسب اور پْراثر حل تلاش کیا جائیگا۔