بیروت(این این آئی)اسرائیلی فوج کے شام میں کئے گئے حملوں میں ایرانیوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ہیومن رائٹس آبزر ویٹری نے بیان میں بتایاکہ دمشق اور جنوبی شام میں متعدد مقامات پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں ایرانیوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے۔انسانی حقوق گروپ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق میں میزائل کے ڈپوؤں، اسلحہ اور ایرانی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ شام کے جنوبی
علاقوں میں شام کی فضائی دفاع کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔انسانی حقوق کے آبزرور رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے شام میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر کا تعلق ایرانی ملیشیا سے بتایا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے 15 غیرملکی جنگجو جن میں 12 ایرانی فوج کے اہلکار شامل ہیں مارے گئے۔تین دوسرے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی جب کہ ہلاک ہونے والے چھ افراد شامی فوج کے اہلکار بتائے جاتے ہیں۔قبل ازیں سیرین آبزر ویٹری نے 11 ایرانی جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔