اسلام آباد(آن لائن) حکومت پنجاب کے وزراء نے سرکاری گاڑیاں ذاتی استعمال کے لیے رکھ لیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کے خفیہ ادارے سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزراء نے ماتحت محکموں کی سرکاری گاڑیاں زاتی استعمال کے لیے رکھ لیں۔ حکومتی پالیسی کے مطابق تمام صوبائی وزراء کو 1800 سی سی کی گاڑی دی گئی جو محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کیجانب سے فراہم کی گئی تھیں۔مگر وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ کے استعمال میں نہ صرف محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے فراہم کردہ گاڑی ہے بلکہ 13 اپریل 2018 کو رجسٹر ہونے والی سفید رنگ کی ٹیوٹا لینڈ کروزر LEG 18 444 بھی ہے۔
اس مہنگی ترین گاڑی کی مالیت محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق 9,732,520 ہے اور یہ ایس پی ایم ٹی پنجاب پولیس کی ملکیت ہے،صوبائی وزیر کو جو سرکاری طور پر گاڑی ملی ہے وہ ایل ای جی 179ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک رپورٹ بھی طلب کی ہے کہ جو کہ آئی جی پنجاب رواں ہفتہ رپورٹ پیش کریں گے اور بعد ازاں وزراء سے اضافی گاڑیاں واپس کیے جانے کا امکان ہے ،معلومات کے مطاق راولپنڈی پولیس نے رپورٹ آئی جی کو پیش کر دی ہے ۔